ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار میں موسم ِ بہار کی بارش میں زبردست کمی ؛ پہلی مرتبہ ضلع کے 7تعلقہ جات خشک سالی کی متاثرہ فہرست میں شامل

کاروار میں موسم ِ بہار کی بارش میں زبردست کمی ؛ پہلی مرتبہ ضلع کے 7تعلقہ جات خشک سالی کی متاثرہ فہرست میں شامل

Wed, 08 Feb 2017 18:17:46    S.O. News Service

کاروار:8/فروری    (ایس او نیوز) گذشتہ 46سالوں میں امسال پہلی مرتبہ موسمِ بہار (ربیع) کی بارش  بہت ہی کم ہوئی ہے۔ جس کے نتیجےمیں ریاست کے 176تعلقہ جات میں سے 160تعلقہ جات خشک سالی کی فہرست میں شمار کئے گئے ہیں، جس میں اترکنڑا ضلع کے 7تعلقہ جات بھی شامل ہیں۔ اسی طرح پہلی بار ساحلی علاقہ کے 3تعلقہ جات موسم بہارمیں خشک سالی سے متاثر ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ریاست بھر میں ربیع کی بارش میں بہت کمی واقع ہوئی ہے۔ اس سے قبل اترکنڑا کے 4تعلقہ جات کو خشک سالی سے متاثر ہونے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن ضلع میں امید کے مطابق بارش نہ ہونے کی وجہ سے کافی نقصانات ہوئے ہیں، موسم بہار کی بارش میں 44فی صد بارش کم ہونے کی وجہ سے اترکنڑا ضلع کے 7تعلقہ جات کو خشک سالی سے متاثرہ فہر ست میں شمار کیا گیا ہے۔ یکم اکتوبر سے 31ڈسمبر تک ہونے والی بارش کی پیمائش کرنے کے بعد خشک سالی تعلقہ جات کا اعلان ہوتاہے۔ کاروار ، بھٹکل ، ہوناور ، منڈگوڈ، جوئیڈا، ہلیال اور یلاپور تعلقہ جات کو فہرست میں شامل کیاگیاہے۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ اس موسم میں ضلع میں کہیں بھی فصل کے نقصان ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ لیکن مرکزی حکومت نے کچھ ضوابط کے مطابق خشک سالی تعلقہ جات کا اعلان کیاہے۔ گذشتہ ماہ  وزیر آمدنی کی صدارت میں منعقد ہوئی کابینہ کی  معاون کمیٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیاہے۔ متعلقہ اضلاع کے ڈی سی صاحبان کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ خشک سالی متاثرہ تعلقہ جات میں فصل نقصان کا سروے کریں اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیں۔

ریاست میں کل 71فی صداور اترکنڑا ضلع میں 44فی صد بار ش کم ہوئی ہے۔ ضلع کے پانی ذخیرہ اندوزی میں کمی ، نمی کی قلت ، آب دوزی کی قلت ، مسلسل 6ہفتوں سے زائد عرصہ تک بارش کی کمی وغیرہ ضوابط کےمطابق 7تعلقہ جات کو خشک سالی میں شامل کیا گیا ہے۔ ان تعلقہ جات میں فصلوں کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔


Share: